معروف ٹک ٹاکر شیرا ٹریفک حادثے میں جانبحق ہو گئے
جہلم: پاکستان کے مشہور ٹک ٹاک اسٹار کامران عرف شیرا، جو سوشل میڈیا پر اپنی سادہ شخصیت اور منفرد انداز کی وجہ سے مقبول تھے، ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ شیرا کا تعلق سرائے عالمگیر سے تھا اور وہ ‘شاندار موبائل’ کے مالک کے سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتے تھے۔
ان کی موت نے مداحوں کے ساتھ ساتھ کاروباری حلقوں میں بھی غم کی لہر دوڑا دی ہے۔شیرا کی سوشل میڈیا پر موجودگی ان کی منفرد شخصیت کی وجہ سے تھی، جہاں ان کے لاکھوں فالوورز ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ان کی ویڈیوز کا انتظار کرتے تھے۔
شاندار موبائل کے مالک، ارباز نعیم، کے ساتھ بنائی گئی ویڈیوز فوری وائرل ہوجاتی تھیں اور ان ویڈیوز نے نہ صرف شیرا کو بلکہ ان کے مالک کے کاروبار کو بھی بڑا فائدہ پہنچایا۔تاہم، چند دن قبل، جہلم کے قریب ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں شیرا شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد، شیرا کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کچھ دنوں تک کوما میں رہے اور گزشتہ شب ان کا انتقال ہوگیا۔اربا نعیم نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شیرا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شیرا کی سادگی اور خلوص نے انہیں اور ان کے کاروبار کو ایک نئی پہچان دی تھی۔حادثے سے قبل، شیرا نے ‘شاندار موبائل’ کے مالک کے پاس سے ملازمت چھوڑ دی تھی اور وہ ڈیرہ ریسٹورنٹ میں سیکیورٹی انچارج کے طور پر کام کر رہے تھے۔ ان کی موت نے جہاں ان کے مالک کو غمزدہ کردیا ہے، وہیں ان کے لاکھوں مداح بھی سوشل میڈیا پر گہرے دُکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔