فراڈ الیکشن کے باعث ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، عمران خان
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کی بنیادی وجہ فراڈ الیکشن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملکی معیشت ایک بڑے چیلنج کا سامنا کر رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں 50 سال کی سب سے کم سرمایہ کاری ہوئی ہے، جو ملکی معیشت کی تباہی کی جانب اشارہ کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی آمدنی کم ہو رہی ہے جبکہ قرضے بڑھ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ان کے مطابق سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کاری میں مزید کمی آ رہی ہے۔
عمران خان نے بلوچستان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود پنجاب میں احتجاج کروایا گیا، جو کہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچ عوام کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے اور ان کی مشکلات کو سمجھنا چاہیے۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں موجود ہے اور عوام کو متحد کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے، کیونکہ جو افراد فیصلے کر رہے ہیں، انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں ہے۔
عمران خان نے پارٹی کے اندرونی معاملات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلام آباد جلسہ ملتوی ہونے پر کارکنان میں غصہ پایا جا رہا ہے اور اس وقت پارٹی کے اندر بھی انتشار کی کیفیت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ برے وقت میں پارٹی چھوڑنے والوں کے لیے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں ہے، اور انہیں معلوم ہے کہ کون سے لوگ مشکل وقت میں پارٹی کو چھوڑ گئے۔