سعودی عرب کا بیماریوں میں مبتلا افراد کو حج کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد: سعودی عرب نے حج 2025 کے لیے پاکستان کو ایک ہیلتھ ایڈوائزری بھیجی ہے۔ اس ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سخت موسم کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کا سعودی عرب میں داخلہ بند ہوگا۔
ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق، 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسی طرح پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد بھی سفر حج پر نہیں جا سکیں گے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ صرف صحت مند اور توانا عازمین کو ہی حج کی اجازت ہوگی۔
گردے، دل، پھیپھڑے، جگر اور کینسر کے مریضوں کو بھی حج پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں، ڈیمنشیا اور متعدی امراض جیسے ٹی بی، تپ دق، اور کالی کھانسی میں مبتلا افراد بھی حج نہیں کر سکیں گے۔
عازمینِ حج کے لیے گردن توڑ بخار، کرونا، موسمی انفلوئنزا، اور پولیو کی ویکسین لازمی ہوگی۔