تکنیکی مسائل ،اکتوبر تک انٹرنیٹ کی رفتار سست روی کا شکار رہے گی
اسلام آباد:پاکستان کے انٹرنیٹ صارفین کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ملک میں انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے مسائل اکتوبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ کی سہولت سات بین الاقوامی سب میرین کیبلز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے، لیکن اس وقت دو اہم کیبلز ایس ایم ڈبلیو فور اور اے اے ای ون خراب ہو چکی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع کے مطابق ایس ایم ڈبلیو فور کی مرمت کا کام جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اکتوبر 2024 کے اوائل تک مکمل ہو جائے گا۔ اس کیبل کی خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی آئی ہے، جس کا اثر ملک بھر کے صارفین پر پڑ رہا ہے۔
تاہم، سب میرین کیبل اے اے ای ون کی مرمت کر دی گئی ہے، جس سے انٹرنیٹ سروس میں کچھ بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔ پی ٹی اے حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ اس مرمت کے بعد صارفین کو بہتر انٹرنیٹ سروس میسر آئے گی۔
پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں، اور صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں روزمرہ کے کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کاروباری ادارے بھی اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں، اور آن لائن کام کرنے والے پیشہ ور افراد کے لیے یہ مسئلہ سنگین ہو سکتا ہے۔