تحصیلوں میں اضافہ کے بعد لاہور پنجاب کا سب سے بڑا شہر بن گیا
لاہور:لاہور اب تحصیلوں کی تعداد کے لحاظ سے پنجاب کا سب سے بڑا شہر بن چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد لاہور میں پانچ نئی تحصیلوں کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے مجموعی طور پر لاہور کی تحصیلوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے اس اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے تحت پانچ نئی تحصیلوں کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی تقرری کی گئی ہے۔
لاہور کی تیز رفتار ترقی اور آبادی میں اضافے کے پیش نظر حکومت پنجاب نے شہر کو انتظامی طور پر بہتر بنانے کے لیے مزید پانچ تحصیلوں کا اضافہ کیا ہے۔ نئی تحصیلوں میں نشتر، واہگہ، اقبال ٹاؤن، راوی، اور صدر شامل ہیں۔ یہ تحصیلیں شہریوں کو بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنے اور مسائل کے بروقت حل کے لیے قائم کی گئی ہیں۔
پہلے سے موجود پانچ تحصیلوں میں رائیونڈ، ماڈل ٹاؤن، لاہور کینٹ، لاہور سٹی، اور شالیمار شامل ہیں۔ نئی تحصیلوں کے قیام کے بعد لاہور میں تحصیلوں کی کل تعداد دس ہو گئی ہے، جو پنجاب کے دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ان نئی تحصیلوں کی منظوری کے بعد بورڈ آف ریونیو نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ان نئی تحصیلوں کے انتظامات کے لیے پانچ اسسٹنٹ کمشنرز کی تقرری بھی عمل میں لائی گئی ہے، جو کمشنر لاہور کے تحت اپنے فرائض انجام دیں گے۔
یہ فیصلہ شہریوں کے لیے آسانی فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ ان کے مسائل تحصیل سطح پر ہی حل کیے جا سکیں اور انہیں دور دراز دفاتر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔