برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ، فائیو جی کی جلد پاکستان میں لانچنگ
اسلام آباد:وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، شزہ فاطمہ خواجہ نے حالیہ تقریب ’’آئی ٹی سی این ایشیا 2024‘‘ میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کو جاتا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرتے ہوئے حکومت ملک کے مختلف شعبوں بشمول سوسائٹی، اکانومی اور گورننس کو ڈیجیٹل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے اور ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جن میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں۔ شزہ فاطمہ نے بتایا کہ ایف بی آر سمیت دیگر حکومتی اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور سرمایہ کاروں کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہتر کنکٹیویٹی کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اگلے سال اپریل یا مئی تک فائیو جی اسپیکٹرم کو آپریشنل کرنے کا ارادہ ہے۔ یہ قدم نہ صرف ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کو مزید آگے لے جائے گا بلکہ ملک کی معیشت اور ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔