لیسکو کا بجلی چوری روکنے کے لئے اہم اور بڑا اقدام؟
لاہور: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ایک بڑے پیمانے پر پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کمپنی کے 100 اور 200 ٹرانسفارمرز پر جدید میٹرز نصب کیے جائیں گے۔ یہ اقدام وزارت پاور ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی چوری کو کم کرنا اور نظام کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
لیسکو کے موجودہ سسٹم میں 25 ہزار سے زائد ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز موجود ہیں، جن پر میٹرز کی تنصیب کے ذریعے لائن لاسز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ یہ جدید میٹرز ہر ٹرانسفارمر کے زیرِ نگرانی علاقے میں بجلی کے استعمال کو درست انداز میں مانیٹر کریں گے، جس سے بجلی کی چوری اور بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی جا سکے گی۔
پراجیکٹ کو ایسٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، جو کہ بجلی کی تقسیم اور منیجمنٹ کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا۔ اس منصوبے سے لیسکو کے نظام میں شفافیت اور اعتماد میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں صارفین کو بہتر اور مستحکم بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
لیسکو نے اس پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، تاکہ بجلی کی چوری اور لائن لاسز کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔