پی ٹی وی سے سفارشی کلچر کا خاتمہ، نئی پالیسی کا اعلان
وزارت اطلاعات و نشریات نے پی ٹی وی میں اصلاحات کے بڑے اقدامات کا آغاز کر دیاپاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں اصلاحات کے ایک اہم مرحلے کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات نے کم ریٹنگ کے حامل 25 پروگراموں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم پی ٹی وی کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور پروفیشنلزم کی طرف نئے اقدام کے طور پر اُٹھایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے تصدیق کی کہ ان 25 پروگراموں کی بندش کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد پی ٹی وی کے پروگراموں کی مجموعی معیار کو بہتر بنانا اور انہیں تجارتی طور پر کامیاب بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، نئے پروگراموں کی پالیسی بھی متعارف کروائی جائے گی جو پروفیشنلزم اور تعمیری تنقید پر زور دے گی۔
عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ نئی پالیسی پی ٹی وی سے سفارشی کلچر، نااہلی، اور فیک نیوز کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور تعمیری تنقید کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ٹاک شوز کی ریٹنگ کے حوالے سے خدشات دور کیے جائیں گے۔ نئی پالیسی میں تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ تعمیری تنقید کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور پروگراموں کی مقبولیت میں اضافہ ہو۔
عطااللہ تارڑ نے پی ٹی وی کی حالیہ کامیاب کوریج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی کوریج نے پی ٹی وی کو تاریخی منافع دلایا۔ اس کامیابی کے بعد، پی ٹی وی کے پروگراموں کو مزید منافع بخش بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔