سٹیٹ بینک کی شہریوں کو آن لائن بینکنگ سے متعلق افواہوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت
کراچی:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم مشینوں کے بند ہونے اور آن لائن بینکنگ کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں سے خبردار رہیں۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹے پیغامات کے ذریعے شہریوں کو اے ٹی ایم اور آن لائن بینکنگ کے استعمال سے باز رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جو سراسر بے بنیاد ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ایسے کسی بھی پیغام پر بھروسہ نہ کریں اور اگر کوئی مسئلہ ہو تو براہ راست اپنے بینک سے رابطہ کریں۔ مزید یہ کہ اسٹیٹ بینک، ملک کے بینکوں اور ون لنک کے ساتھ مل کر پاکستان کے مالیاتی نظام کی حفاظت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی حفاظت کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور آئی ٹی سیکیورٹی کے سخت اقدامات کو نافذ کیا جا رہا ہے۔
اعلامیے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ اب تک اے ٹی ایم یا آن لائن بینکنگ سسٹم پر کسی بھی قسم کے سائبر حملے کا کوئی خطرہ نہیں دیکھا گیا ہے اور پاکستان کی مالیاتی خدمات کی صنعت پہلے سے زیادہ محفوظ اور مستعد ہے۔