اتحاد میں دراڑیں, پی ٹی آئی کے فیصلے پر اچکزئی کا سخت ردعمل
اسلام آباد میں اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی کے ترنول جلسہ منسوخ کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ اچکزئی کا کہنا تھا کہ جلسے کے منسوخی کے فیصلے میں انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، جس پر وہ سخت ناراض ہیں۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا، تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین، اخونزادہ حسین یوسفزئی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ محمود خان اچکزئی نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے نام سے عدالت میں درخواست موجود ہے، اور جلسہ منسوخی جیسے اہم فیصلے سے پہلے ان سے مشورہ نہیں کیا گیا، جو کہ اتحاد کے اصولوں کے خلاف ہے۔
ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے اچکزئی کو مطمئن کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر اچکزئی اپنی پوزیشن پر قائم رہے اور مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے کسی بھی بڑے فیصلے سے قبل انہیں اعتماد میں لیا جائے۔
اجلاس کے بعد، متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے ترنول جلسہ گاہ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اپوزیشن کا وفد جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگیا، جہاں وہ حالات کا جائزہ لیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔