حافظ قرآن ہوں، والد نے شوبز میں آنے سے روکا تھا: اداکارہ لائبہ خان
اداکارہ لائبہ خان نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور شوبز میں آنے کے سفر کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حافظ قرآن ہیں اور ان کے والد کو ان کا شوبز میں آنا پسند نہیں تھا۔ لائبہ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 7 سال کی عمر میں اپنی والدہ کی خواہش پر قرآن حفظ کرنا شروع کیا اور محض 9 سال کی عمر میں مکمل حفظ کر لیا تھا۔ ان کے مطابق، حفظ قرآن کے دوران ان کا دل قرآن پڑھنے میں لگ گیا اور ان کی یادداشت کی عمدگی کی وجہ سے وہ صرف دو سال میں یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئیں۔
لائبہ خان نے بتایا کہ حفظ قرآن کے بعد جب انہوں نے دوبارہ اسکول کی تعلیم شروع کی تو انہیں 2 سال پیچھے جانا پڑا، اور انہیں چھٹی جماعت میں دوبارہ داخلہ لینا پڑا۔ شوبز میں آنے کے حوالے سے لائبہ نے بتایا کہ میٹرک کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ اپنی چھوٹی بہن اور اداکارہ ایمان خان کے ڈرامے کے سیٹ پر گئی تھیں، جہاں کاسٹنگ ہیڈ نے انہیں ایکٹنگ کی آفر دی۔ پہلے تو لائبہ نے انکار کر دیا لیکن پھر وہ مان گئیں اور انہوں نے ایکٹنگ کا آغاز کیا، اسی دوران انہوں نے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم بھی مکمل کی۔
لائبہ خان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ حافظ قرآن ہیں، اس لیے ان کے والد نے ان کے شوبز میں آنے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے ان کے ڈرامے دیکھنے سے بھی انکار کر دیا تھا اور ان سے بات چیت بھی نہیں کرتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ حفظ قرآن کے بعد شوبز کا انتخاب درست نہیں ہے۔ تاہم، لائبہ خان نے کہا کہ ان کی والدہ کی سپورٹ نے ان کے والد کے رویے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے ان کے والد کا رویہ بتدریج نرم ہوا۔