پنجاب میں پولیس اہلکاروں کو اسلحہ ساتھ رکھنے سے روک دیا گیا
لاہور:پنجاب بھر میں پولیس فورس کو اسلحہ ساتھ رکھنے سے روک دیا گیا ہے۔ سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق اضلاع کے چیف پولیس افسران (سی پی اوز)، ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز)، اور سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) کے علاوہ کسی بھی پولیس افسر کو مسلح گارڈ ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس ہدایت میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ افسران کے سوا کوئی بھی افسر یا اہلکار مسلح نہیں رہے گا۔ یہ ہدایات لاہور کے چیف کیپٹل پولیس آفیسر، راولپنڈی کے ریجنل پولیس آفیسر، اور پنجاب بھر کے دیگر ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
راولپنڈی میں بھی پولیس افسران اور فورس کو امن و امان کی ڈیوٹی کے دوران اسلحہ ساتھ نہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ صرف مجاز افسران، یعنی چیف پولیس آفیسر، سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، اور اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو مسلح گارڈ رکھنے کی اجازت ہوگی۔