پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ
پاکستان میں آئی ٹی برآمدات میں حالیہ مہینوں میں واضح اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، اور رواں مالی سال کے ابتدائی مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔ وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق، گزشتہ مالی سال کے جولائی کے مہینے کے مقابلے میں اس مالی سال میں آئی ٹی برآمدات میں 33.64 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے جولائی میں آئی ٹی برآمدات کی مجموعی رقم 214 ملین ڈالرز تھی، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں یہ رقم 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت کے مطابق، مالی سال کے ابتدائی مہینے کی مجموعی برآمدات میں آئی ٹی کا حصہ 46 فیصد ہے۔
وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی برآمدات میں مزید اضافے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، اور اگلے مالی سال کے لیے آئی ٹی برآمدات کا ہدف 3.5 بلین ڈالر رکھا گیا ہے۔