پنجاب انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں پہلے نمبر پر
اسلام آباد: پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے پنجاب سب سے آگے ہے۔
سال 2021ء سے 2023ء تک انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے، جو کہ وزارت انسانی حقوق نے مرتب کی ہے۔ اس عرصے کے دوران خواتین کے ساتھ زیادتی، تشدد اور قتل کے 13,904 واقعات درج کیے گئے ہیں۔
وزارت انسانی حقوق کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، پنجاب میں خواتین کے خلاف تشدد، زیادتی اور قتل کے 4,376 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں گھریلو تشدد کے 121، زیادتی کے 999 اور قتل کے 3,256 کیسز شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، خیبر پختونخوا میں زیادتی کے 59 اور گھریلو تشدد کے 43 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ اسی صوبے میں قتل کے 3,906 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ سندھ میں گھریلو تشدد کے 219، زیادتی کے 266 اور قتل کے 3,296 کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزارت انسانی حقوق کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں زیادتی کے 107، گھریلو تشدد کے 521 اور قتل کے 1,021 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں گھریلو تشدد کے 32، قتل کے 48 اور زیادتی کے 10 کیسز درج کیے گئے ہیں۔