پارلیمنٹ میں چوہوں سے نجات، شکاری بلیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد کی انتظامیہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے نجات حاصل کرنے کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتوں کی سیلنگ کی وجہ سے عمارت میں چوہوں کی بہتات ہو گئی ہے، جو مختلف دفاتر میں نقصان پہنچا رہے ہیں، یہاں تک کہ فائلوں کو بھی کتر ڈال رہے ہیں
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہوں کے خاتمے کے لیے ایک منصوبہ ترتیب دیا ہے، جس کے لیے 12 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت چوہے کھانے والی شکاری بلیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور ساتھ ہی چوہے پکڑنے کے لیے خصوصی جالیاں بھی نصب کی جائیں گی۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق چوہوں کے خاتمے کی یہ مہم سی ڈی اے کی نگرانی میں انجام دی جائے گی، اور ضرورت پڑنے پر نجی شعبے کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ روایتی طریقے کارگر ثابت نہیں ہو رہے تھے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں بھی چوہوں اور مچھروں کی شکایات سامنے آ چکی ہیں، اور اس حوالے سے گزشتہ برس اراکین اسمبلی نے شکایات درج کی تھیں۔