ماہانہ گیس بلز میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ
پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل کے حل کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے گیس کے بلز میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سسٹم متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ فیصلہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں پیٹرولیم سیکٹر کی ای اینڈ پی (ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن) کمپنیوں کے سربراہان اور دیگر سرکاری و نجی شعبے کے ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری اوگرا آرڈیننس میں اہم ترامیم کو پیش کرے تاکہ گیس کے بلوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک نیا نظام بنایا جا سکے۔
اس اقدام کا مقصد توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے اور ساتھ ہی مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو مزید سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنا ہے۔ کمیٹی نے داخلہ ڈویژن کو بھی ہدایت کی کہ وہ ای اینڈ پی کمپنیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
اس رپورٹ میں فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ون ونڈو سہولت کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ سیکیورٹی کے مسائل اور دیگر چیلنجز کا بہتر طور پر سامنا کیا جا سکے۔
یہ فیصلے نہ صرف توانائی کے شعبے کے استحکام کو بہتر بنانے کے لیے ہیں بلکہ نجی شعبے کے خدشات کو بھی دور کرنے کے لیے کیے گئے ہیں تاکہ ملک میں توانائی کے شعبے کی ترقی میں رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔