گورنر پنجاب کی بھی ارشد ندیم پر انعامات کی برسات
لاہور:پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم کو گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شاندار پذیرائی دی۔ گورنر نے ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں ارشد ندیم کو خصوصی تحائف دیے گئے۔
گورنر ہاؤس میں منعقدہ اس تقریب میں ارشد ندیم کو گاڑی اور 20 لاکھ روپے کا چیک تحفے میں دیا گیا۔ اس کے علاوہ، انہیں ایک کنال اور 10 مرلے کا پلاٹ بھی دیا گیا۔ گورنر ہاؤس پہنچنے پر ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ریڈ کارپٹ بچھایا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر ان کا خیرمقدم کیا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے طویل عرصے بعد پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ان کا والہانہ استقبال پورے ملک میں کیا جا رہا ہے۔
ارشد ندیم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کے والدین کی دعاؤں کا بڑا ہاتھ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی سرجری اسی سال ہوئی تھی اور ان کے کوچ نے اس میں بڑی مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی کوشش میں فاؤل ہونے کے باوجود دوسری کوشش میں ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب رہے۔
ارشد ندیم نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اتنی محبت اور عزت دی۔