مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف 28 اگست کو جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کا اعلان
ملتان: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مہنگی بجلی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ملتان میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں نے عوام پر بھاری بجلی کے بلوں کا بوجھ ڈال دیا ہے، جس سے عوام بے حد متاثر ہو رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ وہ حکومت کے ساتھ کسی بھی معاہدے کے تحت واپس نہیں گئے بلکہ اپنے مطالبات پر قائم ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات پورے نہ کیے تو وہ عوامی مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے فی یونٹ قیمت میں کمی کا اعلان تو کیا ہے، لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ عوام کو مزید ریلیف دیا جائے۔ حافظ نعیم نے سوال اٹھایا کہ اگر نواز شریف بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر سکتے ہیں تو شہباز شریف پورے ملک کو یہ ریلیف کیوں نہیں دے سکتے؟ انہوں نے مزید کہا کہ سود کو بتدریج ختم کرکے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ اگر 37 دنوں کے اندر مطالبات پر عمل نہ ہوا تو عوام ان کی کال پر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے اور یہ تحریک رکنے والی نہیں ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کو اس تحریک کی شدت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔