پاکستان کی 78ویں سالگرہ,چیف آف آرمی اسٹاف کی قیادت میں کاکول میں آزادی پریڈ
پاکستان نے آج اپنا 78واں یوم آزادی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ دن کا آغاز علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
جشن آزادی کے موقع پر علامہ اقبال کے مزار لاہور اور مزار قائد کراچی پر پروقار تقاریب منعقد ہوئیں جہاں گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات ہوئی۔ دونوں مقامات پر پاکستان رینجرز کے دستوں نے سلامی دی اور قومی پرچم لہرانے کے بعد وطن عزیز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
13 اگست کی شب پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر تھے جنہوں نے وطن سے محبت اور اس کی حفاظت کے عزم کو سراہا۔
رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں پرچم کشائی کی گئی، عوام نے قومی ترانہ پڑھا اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضاء کو گونج اٹھا۔ مختلف شہروں میں چراغاں اور آتشبازی کے شاندار مظاہرے کیے گئے، جبکہ سبز ہلالی پرچموں کی بہار نے شہر کی رونق کو دوبالا کر دیا۔
ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں کو برقی قمقموں اور قومی پرچم سے خوبصورتی سے سجایا گیا۔ لوگوں نے گھروں اور گاڑیوں پر بھی جھنڈے لہرا کر جشن آزادی کی خوشیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف ملی نغمے گائے اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستانی قوم نے اس دن کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ تحریک پاکستان کے مقاصد کو پورا کیا جا سکے۔