بھارتی فنڈنگ سے قائم بی ایل ایف میں اختلافات، کمانڈر شمبین ساتھی کے ہاتھوں ہلاک
اسلام آباد: بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، جس کا نتیجہ ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت کی صورت میں نکلا ہے۔ ذرائع کے مطابق بی ایل ایف کے کمانڈر شمبین عرف شہک کو اس کے اپنے ہی ایک ساتھی نے ہلاک کر دیا۔ شمبین عرف شہک بی ایل ایف کا اہم ترین کمانڈر تھا اور کئی دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث تھا۔
شمبین عرف شہک پر الزام تھا کہ وہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور ہتھیار ڈالنے والے اپنے پرانے ساتھیوں کے قتل میں براہ راست ملوث تھا۔ وہ سیکیورٹی اداروں کو متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مطلوب تھا، جن میں سیکیورٹی فورسز پر حملے اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شمبین عرف شہک کے قتل کے پیچھے بی ایل ایف کے اندرونی اختلافات اور بھارتی فنڈنگ سے متعلق تنازعات شامل ہیں۔ یہ اختلافات اس قدر شدت اختیار کر چکے ہیں کہ گروپ کے مختلف دھڑوں کے درمیان خونریز تصادم کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
بی ایل ایف کے اندرونی حالات کا یہ انکشاف بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم پیشرفت ہے، جو اس بات کا اشارہ کرتا ہے کہ بھارتی فنڈنگ سے قائم دہشت گرد گروہوں کے اندرونی اختلافات ان کی طاقت میں کمی کا باعث بن رہے ہیں۔
حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ماننا ہے کہ بی ایل ایف کے اندرونی اختلافات اور اس جیسے دیگر دہشت گرد گروہوں کی کمزوری، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔