فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا، کورٹ مارشل کی کارروائی شروع
راولپنڈی: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف انکوائری کے دوران متعدد بے ضابطگیاں ثابت ہوئی ہیں۔ اس انکوائری کے نتیجے میں فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف ٹاپ سٹی کیس میں شکایات موصول ہوئی تھیں، جن کی بنیاد پر یہ تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ فیض حمید کو جون 2019 میں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ یہ تقرری اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دور میں ہوئی۔