15 اگست کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع
لاہور:پاکستان میں مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔عوام اس وقت بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کے باعث پریشان ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ زندگی گزارنا انتہائی دشوار ہوتا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لٹر تک کمی کی توقع ہے۔ اب تک کی ورکنگ کے تحت پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کی بات کی جا رہی ہے۔ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں ساڑھے 8 روپے اورپٹرول کی قیمت میں 9 روپے فی لٹر کمی کی توقع کی جارہی ہے ۔ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی 12 روپے سے زائد کی کمی کا امکان ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی سمری 15 اگست کو اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کو بھیجی جائے گی۔ اس کے بعد وزیر خزانہ اور وزیر اعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس حوالے سے عوام اور کاروباری طبقے کو قیمتوں کے حتمی اعلان کا بے چینی سے انتظار ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام کی زندگیوں پر واضح ہوں گے۔ جہاں ایک طرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی آئے گی، وہیں دوسری طرف اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کی توقع ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بالواسطہ طور پر ہر شعبے پر اثر انداز ہوتی ہیں، چاہے وہ زراعت ہو، صنعت ہو، یا ٹرانسپورٹ۔