وادی تیراہ میں پاک فوج کا جواں بہادر افسر دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، 9 اگست کو ہونے والے اس واقعے میں لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے بہادری کے ساتھ خوارجیوں کے خلاف آپریشن کی قیادت کی اور شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج وہ جام شہادت نوش کر گئے۔
لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی عمر 24 سال 8 ماہ تھی، اور ان کا تعلق پنجاب کے ضلع اٹک سے تھا۔ ان کی شہادت نے ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اپنی جانوں کی قربانی سے اس عزم کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔
وادی تیراہ میں نو اگست کے دن تین مختلف جگہوں پر خوارجیوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم، اس جھڑپ کے دوران پاک فوج کے 3 بہادر جوان، حوالدار انعام گل (ضلع میانوالی)، سپاہی محمد عمران (ضلع ٹانک)، اور سپاہی الطاف خان (ضلع مردان) بھی شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور ان کی بہادر افسران اور جوانوں کی قربانیاں اس مشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔