پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کی درخواست مسترد کر دی
پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے کی گئی درخواست کو زیر غور لانے سے انکار کر دیا ہے۔ رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کو بھیجے گئے مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ درخواست موجودہ صورت میں خیبر پختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کی خلاف ورزی کرتی ہے، جس کے باعث اس پر غور نہیں کیا جا سکتا۔
یاد رہے کہ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے پشاور ہائیکورٹ کو 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست کی تھی اور جوڈیشل افسران کی تقرری کی استدعا بھی کی تھی۔ تاہم، پشاور ہائیکورٹ نے درخواست کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی بنا پر رد کر دیا۔