ایران کو میزائل دینے کی افواہیں، پاکستان نے کیا جواب دیا؟
پاکستان نے ایران کو شاہین تھری میزائل فراہم کرنے کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے انہیں سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران اس بات کی وضاحت کی اور کہا کہ ایسی حساس صورتحال میں فیک نیوز اور جھوٹے دعووں سے گریز کرنا چاہیے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، جو ایران اور فلسطین کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا۔ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام پر ظلم و ستم کی مذمت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد اسحاق ڈار سے رابطہ کیا تھا، اور پاکستان نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کی اور غزہ میں اسرائیلی محاصرے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت نہ صرف غزہ بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ان کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
یو اے ای کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں، اور پاکستانی شہریوں پر یو اے ای کی جانب سے کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔
انہوں نے میڈیا اور عوام سے درخواست کی کہ وہ غیر مصدقہ اور جعلی خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں تاکہ نازک بین الاقوامی تعلقات متاثر نہ ہوں۔