جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا 9ویں روز میں داخل، شرکا کی تعداد میں اضافہ
راولپنڈی: جماعت اسلامی کا لیاقت باغ چوک پر جاری احتجاجی دھرنا آج نویں دن میں داخل ہو گیا ہے، جب کہ شرکا کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے، بلز میں اضافی ٹیکسز، آئی پی پیز کے معاہدوں اور حکومتی اخراجات کم کرنے سمیت 10 مطالبات کے حق میں یہ دھرنا جاری ہے۔ دھرنے میں ملک بھر سے آنے والے قافلوں کی شرکت سے شرکا کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دھرنے میں شریک کارکنوں کا جوش و جذبہ برقرار ہے، جب کہ خواتین اور تاجر بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ احتجاج کے نویں روز بھی شرکا کو ناشتہ فراہم کیا گیا اور تاجر تنظیموں کی جانب سے دھرنے کی حمایت میں مختلف مقامات پر بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
اب تک حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہو چکے ہیں، مگر کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ تیسرے دور کے مذاکرات آج متوقع ہیں۔
دریں اثنا، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن، جو قطر میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچے ہیں، آج دھرنے کے مقام پر ساڑھے گیارہ بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔