بچوں کی موجیں ختم ہفتے کی چھٹی ختم کر دی گئی
اسلام آباد: وزارت تعلیم نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں ہفتے کی چھٹی کو ختم کرتے ہوئے اسپیشل کلاسز (Remedial classes) شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 10 اگست سے ہوگا اور اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وفاقی نظامت تعلیمات کی ڈائریکٹر تبسم ناز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ہفتے کے روز تعلیمی اداروں میں مختلف مضامین میں کمزور طلبہ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، طلبہ کے لیے مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ہر تعلیمی ادارے میں انگلش، ریاضی اور سائنس کے لیے کم از کم ایک کلاس شروع کی جائے گی۔
یہ فیصلہ سیکریٹری وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، محی الدین احمد وانی کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ صرف ضروری اسٹاف کو ہفتے کے روز بلایا جائے گا، تاہم اداروں کے سربراہان کو اسپیشل کلاسز کے حوالے سے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔
اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور طلبہ کو مضامین میں کمزوریوں پر قابو پانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔