بارشوں کا پہلا مرحلہ 6 اگست دوسرا مرحلہ 15 اگست تک متوقع
اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل صاحبزاد خان نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 6 اگست تک طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ ان کے مطابق، بارشوں کا پہلا مرحلہ 6 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ دوسرا مرحلہ 7 تا 15 اگست تک متوقع ہے۔
صاحبزاد خان نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ مون سون کا موسم ابھی جاری ہے اور جولائی میں بارشوں کی مقدار معمول سے کم رہی۔ لاہور میں گزشتہ روز 44 برس بعد ایک دن میں 360 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے بیشتر علاقے بارشوں کے زیرِ اثر ہیں۔ اس دوران، جولائی میں سب سے زیادہ بارش 662 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈیموں کی صورتحال کے بارے میں بتایا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 77.7 فیصد اور منگلا ڈیم میں 60.3 فیصد بھر چکی ہے۔ اگرچہ زیادہ بارشوں کی صورت میں چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے، لیکن متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
صاحبزاد خان نے کہا کہ چاول کی فصل کے لیے یہ بارشیں مفید ہیں اور عوام کو بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔ اگست کے مہینے میں شمال مشرقی پنجاب اور زیریں سندھ میں معمول سے کچھ زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ ان بارشوں کا دوسرا مرحلہ 7 سے 15 اگست تک جاری رہے گا اور اس دوران ملک کے بالائی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی۔