بوڑھے ماں باپ کو تشدد کر کے گھر سے نکالنے والے 4بیٹے انجام کو پہنچ گئے
راولپنڈی کے تھانہ سول لائنز کے علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ ناخلف بیٹوں اور بہو نے اپنے بیمار اور ضعیف والدین پر تشدد کیا اور انہیں گھر سے نکال دیا۔
مجبور والدین نے اپنی بیٹی کے گھر پناہ لی۔ سی پی او راولپنڈی، خالد ہمدانی نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیا اور فوری طور پر مقدمہ درج کروا کر چاروں بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔ بزرگ والدہ اور ان کے بیمار شوہر نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے مدد کی اپیل کی ویڈیو بھی سامنے آئی۔
تھانہ سول لائنز کے علاقے ڈھیری حسن آباد کی رہائشی 66 سالہ شہناز بیگم اور 76 سالہ بیمار شوہر نے اپیل کی کہ ان کے بیٹے ان پر تشدد کرتے ہیں اور گھر سے نکال دیتے ہیں۔ بہو بھی دھمکیاں دیتی ہے کہ وہ ان کے کپڑے پھاڑ کر الزام عائد کر دے گی اور فون پر بھی گھر سے نکل جانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد، سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سول لائن پولیس کو ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ پولیس نے شہناز بیگم کی درخواست پر مقدمہ درج کیا اور ملزمان کے خلاف والدین تحفظ ایکٹ، دھمکیاں دینے اور ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔
مدعیہ نے بتایا کہ وہ ایک کمرے کے مکان میں اپنے بیمار شوہر کے ساتھ رہ رہی ہیں اور ان کے چار بیٹے بھی اسی مکان میں رہتے ہیں، جو ان کی دیکھ بھال نہیں کرتے اور تشدد کرتے ہیں۔ محمد علی، کاشف، ثاقب اور ثمرین ثاقب نے انہیں زبردستی گھر سے نکال دیا جس کے بعد وہ بیٹی کے گھر آگئیں۔ بیٹے نے فون پر بھی دھمکیاں دی ہیں۔