200 یونٹ کے بجلی صارفین کو بلوں میں ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں قائم
حکومت نے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے ابھی کمیٹیاں بنائی ہیں ،آنیوالے دنوں میں عوام کو ریلیف ملنا ہے مگر تھوڑا وقت لگے گا:وزیرصنعت
اسلام آباد:وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں قائم کردی ہیں مگر صارفین کو ریلیف ملنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔وزیر صنعت و پیداواررانا تنویر حسین کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں بنائی ہیں لیکن آنے والے دنوں میں عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف ملنا ہے مگر اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کی کٹوتی صرف اس لئے کی گئی ہے کہ 200 یونٹ تک کے صارفین کو ریلیف دیا جا سکے، صنعتوں کے لئے 10 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا ہے۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر بات چیت ہورہی ہے، گیس اور دیگر توانائی پر چلنے والے منصوبوں کو کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دورہ چین کے دوران چینی صدر سے اس ضمن میں بات کی تھی، بجلی گھروں کے کوئلے پر منتقل ہونے سے بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور لوگوں کو ریلیف ملے گا۔