پنجاب کے سرکاری کامرس کالجز آئی ٹی کالجز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
لاہور: پنجاب حکومت نے سرکاری کامرس کالجز کو ختم کرنے اور انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کالجز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے اس منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت صوبے کے تمام 85 کامرس کالجز کو آئی ٹی کالجز کا درجہ دیا جائے گا۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ کامرس کے مضمون میں طلبا کے کم رجحان کی بنا پر کیا گیا ہے۔ ہر کامرس کالج میں طلبا کی تعداد سو سے کم ہے اور کامرس کے ایک طالبعلم پر حکومت کا خرچہ 3 لاکھ روپے تک آ رہا ہے۔
آئی ٹی کالجز میں تبدیل کرنے کے بعد ایکسپرٹس کو بھرتی کیا جائے گا، اور کالجز میں آئی ٹی کے کاروبار کرنے والے نوجوانوں کے لیے "کو ورکنگ” دفاتر قائم ہوں گے۔ ان کالجز میں ای لائبریریوں کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے مطابق، آئندہ دس روز میں اس منصوبے پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔
وزیر تعلیم پنجاب، رانا سکندر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ آئی ٹی انڈسٹری میں مقابلہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ منصوبے کی فوری تکمیل کے لیے آئی ٹی کالجز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔