ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا روکنے کیلئے جدید فائر وال کی تنصیب: بولیاں طلب
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کی روک تھام کے لئے اہم اقدام کرتے ہوئے نیکسٹ جنریشن فائر والز کی تنصیب کے لئے بولیاں طلب کر لی ہیں۔
اس فیصلے کے تحت انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر نیکسٹ جنریشن اور ایپلیکیشن فائر والز نصب کی جائیں گی۔ نیکسٹ جنریشن فائر وال ڈیپ پیکٹ انسپکشن کی صلاحیت رکھتی ہے، جو ریئل ٹائم ڈیٹا کی مانیٹرنگ، یو آر ایل فلٹرنگ، ایپلیکیشن کنٹرول، اور مالویئر پروٹیکشن کے کام انجام دے سکے گی۔
یہ فائر والز سائبر سیکیورٹی خطرات کے خلاف پیشگی اقدامات بھی کر سکیں گی، جبکہ ویب ایپلیکیشن فائر وال ویب اپلیکیشنز کے ڈیٹا کی مانیٹرنگ اور فلٹرنگ بھی کر سکے گی۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پیپرا کے ای پیڈ سسٹم کے تحت الیکٹرانک بولیاں طلب کی ہیں۔ اس ضمن میں جب ڈان نیوز نے پی ٹی اے کے ترجمان سے رابطہ کیا تو انہوں نے فائر والز کی تنصیب کی بولیوں سے متعلق جواب دینے سے گریز کیا۔
یہ اقدام ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔