عمران خان جیل سے زندہ باہر آگئے تو استحکام نہیں آسکتا، فوج کی مجبوری سمجھیں: انجینئر محمد علی مرزا
معروف مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا کا عمران خان کے جیل سے رہائی پر تشویش کا اظہار
جہلم: معروف مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا نے اک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ اگر عمران خان جیل سے باہر آئے تو ملک میں حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فوج بھی اس بات سے واقف ہے اور اسی لیے عمران خان کو جیل میں رکھا گیا ہے۔
انجینئر محمد علی مرزا کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان جیل سے باہر آئے تو ملک میں استحکام کا فقدان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج بھی یہ بات جانتی ہے، اسی لیے انہوں نے عمران خان کو جیل میں رکھا ہوا ہے جب تک کوئی ان کی ضمانت نہ دے دے۔ مرزا کے مطابق، عمران خان کی زندگی یوٹرنز سے بھری پڑی ہے اور وہ کسی ایک بات پر قائم نہیں رہتے، جس کی وجہ سے ان کی مظلومیت تو دکھائی دیتی ہے مگر فوج کی مجبوری بھی سمجھنی چاہیے۔
مرزا نے مزید کہا کہ عمران خان کے جیل سے باہر آنے پر وہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کو باہر نکالنا ہے تو پھر ان کو، نواز شریف کو، چیف جسٹس کو اور آرمی چیف کو کعبے کی چھت پر کھڑے ہو کر عوامی طور پر اپنے گناہوں کی معافی مانگنی ہوگی اور گارنٹی دینی ہوگی کہ وہ اب ایسا نہیں کریں گے۔
مرزا نے یہ بھی کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں بہتری آنے میں کافی وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی وکٹمائزیشن سے ملک میں بہتری نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ انجینئر محمد علی مرزا اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے ماضی میں بھی تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل بھی عمران خان کے سائفر کیس میں پیشگوئی کی تھی کہ عمران خان کبھی اس کیس سے باہر نہیں آئیں گے، جو کہ غلط ثابت ہوئی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کی حالیہ پیشگوئی کتنی حد تک سچ ثابت ہوتی ہے۔