یوم عاشور آج ملک بھر میں عقید و احترام سے منایا جا رہا ہے
اسلام آباد (17 جولائی 2024) نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کا دن، یوم عاشور، آج (بدھ، 10 محرم الحرام) کو ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت ملک بھر میں تعزیہ، علم، اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے اور مجالس عزا منعقد کی جائیں گی۔
حساس ترین مقامات پر فوجی جوان، رینجرز، پولیس، ایلیٹ فورس، اور ریزرو فورسز کے اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے محرم کنٹرول رومز میں سخت نگرانی جاری ہے۔ یہ کنٹرول رومز کمشنرز، ریجنل پولیس آفیسرز، ڈپٹی کمشنرز، اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کے دفاتر میں قائم ہیں، اور انہیں محکمہ داخلہ پنجاب اور وفاقی وزارت داخلہ کے صوبائی و مرکزی کنٹرول رومز سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ بوقت ضرورت فوری اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں، ماتمی و عزاداری جلوسوں کے راستوں میں لگائی جانے والی سبیلوں کو بھی چیک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ شرپسندوں کا داخلہ روکنے کے لیے تمام بڑے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد اور مشتبہ گاڑیوں کی چیکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے۔ جلوسوں کے راستوں میں غیر متعلقہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے اور چھتوں پر کھڑے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ زنجیر زنی سے زخمی ہونے والے مومنین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، اور ہسپتالوں میں تمام ڈاکٹرز سمیت عملہ حاضر رہے گا۔
یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی مرکزی امام بارگاہوں سے تعزیہ، علم، اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے بعد نماز عصر اپنی منازل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔ نماز مغربین ادا کرنے کے بعد مجالس عزا منعقد کی جائیں گی، اور رات گئے مرکزی امام بارگاہوں میں مجلس شام غریباں کا انعقاد کیا جائے گا۔
امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ خدشات سے بچاؤ کے پیش نظر فیصل آباد کے گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازار اور حساس مقامات کو سیل رکھا جائے گا۔ تعزیہ، ذوالجناح، اور علم سرکار وفا کے ماتمی جلوسوں کے اوقات میں لنک گلیوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ غیر متعلقہ یا شر پسند عناصر ان گلیوں کے راستے جلوسوں میں شامل نہ ہو سکیں۔