ڈیرہ اسماعیل خان میں ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ، 7 شہید
ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر کری شموزئی پر دہشت گردوں کے حملے میں 5 شہری اور 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ حملے میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب دہشت گردوں نے ہیلتھ سینٹر پر حملہ کیا اور عملے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس حملے میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچے، اور ایک چوکیدار سمیت پانچ بے گناہ شہری شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہیلتھ سینٹر میں کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران نارووال کے نائب صوبیدار محمد فاروق (44 سال) اور خانیوال کے سپاہی محمد جاوید اقبال (23 سال) بھی شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ حملہ ناکام بنا دیا، 10 دہشتگرد ہلاک
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے معصوم شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں، کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا۔