سکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ حملہ ناکام بنا دیا، 10 دہشتگرد ہلاک
گزشتہ روز بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گردوں کے ایک گروپ نے حملہ کیا، جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، خود کش حملے میں بنوں کنٹونمنٹ کی دیوار کا ایک حصہ جزوی طور پر تباہ ہوگیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خود کش حملے میں آٹھ سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں تمام 10 دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔ یہ دہشت گرد حملہ حافظ گل بہادر گروپ کی جانب سے کیا گیا تھا، جو افغان سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے بارہا عبوری افغان حکومت سے ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ دہشت گردوں کو اپنی زمین استعمال کرنے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان حکومت کو ان دہشت گرد گروپس کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی ہوگی۔ مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور افغانستان سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے جو بھی ضروری ہوا، وہ کیا جائے گا۔
شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد (پونچھ)، حوالدار شہزاد احمد (نیلم)، حوالدار ظل حسین (خوشاب)، لانس نائیک سبز علی خان (لکی مروت)، سپاہی اشفاق حسین (مظفرآباد)، سپاہی ارسلان اسلم (بہاولپور)، سپاہی سبحان مجید بلوچ (مظفرآباد) اور سپاہی امتیاز خان (کرک) شامل ہیں۔
سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی کوشش کو ناکام بنایا اور قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔