عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں بھی گرفتاری ڈال دی گئی
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات میں اڈیالہ جیل میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم، جس کی سربراہی ڈی ایس پی احمد عثمان کر رہے تھے، قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچی اور عمران خان سے مقدمات کی تفتیش کی۔ تفتیشی ٹیم میں 11 انسپکٹر شامل تھے جنہوں نے عمران خان سے 9 اور 10 مئی کے واقعات پر سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق، تفتیش میں جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور شادمان تھانے پر حملے کے کیسز پر سوالات کیے گئے۔ تفتیشی ٹیم نے ڈیجیٹل شواہد اور گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں عمران خان سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔ آج کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد لاہور پولیس کی ٹیم اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پیر کو عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں جناح ہاؤس حملے کی تفتیش کے لیے ان کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان کے خلاف مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں جن میں سے 4 مقدمات میں وہ ضمانت پر ہیں۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے آج کے مرحلے میں عمران خان سے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے اور مزید تفتیش کے لیے ان کی عدالت میں پیشی کی تیاریاں جاری ہیں۔