ایسی کشتی ہونے والی ہے جو نہ ہوتی تو بہتر تھا:فیصل واوڈا
اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے حکم پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ کیس انتہائی گھٹیا تھا اور مانیکا صاحب نے اس میں بہت ہی گھٹیا رول پلے کیا۔ فیصلے عدالتی کم اور سیاسی زیادہ ہورہے ہیں لیکن میں پھر بھی عمران خان کو باہر نکلتا ہوا نہیں دیکھ رہا ہوں نہ اس کی رہائی ممکن ہوگی ۔ ابھی مزید کیسز اور بہت سارے مراحل باقی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اب اکھاڑے میں سب کھڑے ہو گئے ہیں جو کہ پاکستان کے لئے بہتر نہیں ہے۔ ایسی کشتی ہونے والی ہے جو نہ ہوتی تو بہتر تھا۔
15 دن میں بہت کچھ ہونے والا ہے۔ حکومت کو دو تہائی اکثریت بھی مل سکتی ہے۔ اکھاڑا سج چکا ہے اس میں بولی لگے گا جس کی کل تک اوقات ایک کوڑی کی تھی اب وہ لاکھوں کروڑوں میں چلا گیا۔
عمران خان کی رہائی ناممکن ہے یہ ان کے وکلاء کو پتہ ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ چاہتی ہی نہیں کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں کیونکہ ان کو پتہ نہیں کہ عمران خان پر اور کتنے کیسز ہیں۔
اگر بشریٰ بی بی رہا ہو کر باہر آگئی تو پی ٹی آئی کے جو ٹکڑے تھوڑے عرصے بعد ہونے تھے وہ بہت جلدی ہو جائیں گے۔