پشاور میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم اور اس کے دو ساتھی ہلاک ہوگئے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ آپریشن پشاور کے علاقے حسن خیل میں ایک ہائی پروفائل دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کو ہلاک کردیا گیا۔ عبدالرحیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر تھی۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی محمد ادریس، سپاہی بدام گل، محکمہ انسداد دہشت گردی کے سب انسپکٹر تاجمیر شاہ اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک بھر میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اس آپریشن نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں اہم پیشرفت کی ہے اور ملک میں امن کی بحالی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔