کابل: افغان عبوری حکومت کے مرکزی ترجمان، ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے درخواست کی گئی تو وہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور پاکستان کے درمیان دوبارہ ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے مخلص ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی خود مختاری کا احترام کیا جانا چاہیے، اور افغانستان پر کوئی بھی حملہ جارحیت تصور کیا جائے گا، جس سے خطے میں نفرت اور عدم استحکام میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان ایک پرامن ہمسائیگی کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال نازک ہے اور مختلف فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔