’’بجلی کا یونٹ 100 روپے ڈالر 300 سے تجاوز کر جائے گا‘‘، دعویٰ
لاہورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجٹ پاکستانی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی کے مترادف ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خود اعتراف کیا ہے کہ بجٹ آئی ایم ایف نے بنایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کا یونٹ آئندہ کچھ دنوں میں 100 روپے سے تجاوز کر جائے گا جبکہ ڈالر کی مصنوعی قیمت 275 روپے ہے جو آئندہ دنوں میں 300 روپے سے تجاوز کر جائے گی۔
عمر ایوب نے کہا کہ بے بنیاد سیاسی اور جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، یہ سب کچھ عمران خان، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی اور دیگر کو جیل میں رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ تمام کیسز جلد ختم ہو جائیں گے اور ان کے پاس صرف عدت کیس کا بہانہ رہ گیا ہے۔ ان کے بقول، یہ سب لوگ پھر انہی عدالتوں میں گھومتے پھرتے نظر آئیں گے۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ انہوں نے دنیا میں بہت سے نادان لوگ دیکھے ہیں، لیکن موجودہ حکومت جیسی نادان حکومت کبھی نہیں دیکھی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ یہ سب سیاسی اور جھوٹے مقدمات ہیں اور ان مقدمات کو بنانے والے بہت بڑے جھوٹے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری کوشش ہو رہی ہے کہ عوام کو مصنوعی طریقے سے یہ باور کرایا جائے کہ ہم نے استحکام پیدا کر دیا ہے۔ بابر اعوان کے مطابق، تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک معاشی طور پر بحال ہو گیا ہے جبکہ بجلی 70 روپے فی یونٹ تک چلی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ استحکام کا واحد راستہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں، اور ان کے آنے سے ہی ملک میں استحکام آئے گا۔ اگر عمران خان کا راستہ روکا جائے گا تو استحکام کا راستہ بھی رکے گا۔
بابر اعوان نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات پر ایک ہائی پاور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ بجٹ انہوں نے نہیں بنایا اور وزیراعظم اندر معتبر لوگوں سے کہتے ہیں کہ مجھ سے کیوں ناراض ہوتے ہیں۔