اسلام آباد: اسلام آباد کے 3 حلقوں میں دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی امیدواروں کی پٹیشنز پر سماعت کے دوران فارم 45،46 اور 47 جمع نہ کروانے پر الیکشن ٹریبونل کے جج طارق محمود جہانگیری نے راجہ خرم نواز پر 30 ہزار، طارق فضل چوہدری پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا، این اے 48 کی سماعت 9 جولائی، این اے 47 کی 10 جبکہ این اے 46 کی 11 جولائی کو سماعت ہوگی۔
الیکشن ٹریبیونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ٹریبیونل کے پاس شوکاز نوٹس جاری کر کے ممبرشپ معطل کرنے کا بھی اختیار ہے، اگر التواء ہو گا تو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا،یہ بنیادی اصول ہے کیا کسی کو اس پر اعتراض ہے؟۔جی مجھے اعتراض ہے، میں طارق فضل چوہدری کا وکیل ہوں، میں ایک بات کروں گا عدالت چاہے اس پر غور کرے یا نہ کرے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے طارق فضل چوہدری کے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے کہا آپ نے وکالت نامہ جمع کروایا ہے؟چپ کریں، جب عدالت نے کہہ دیا تو خاموش ہو جائیں، طارق فضل چوہدری کے وکیل نے معذرت کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا آئندہ سماعت سے پہلے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم، پہلے بیان حلفی آئیں گے پھر ہم آگے دیکھیں گے۔