تشدد کر کے عمران خان کو دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا: یاسمین راشد
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی سینئر راہ نما یاسمین راشد نے انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر صحافیوں کو ایک مراسلہ دیا جس میں انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی ہے وہ پاکستان تحریک انصاف پرہونے والے مظالم کا نوٹس لے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ظلم، جبر اور تشدد کے ذریعے لوگوں کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو نہیں نکالا جاسکتا۔ پاکستان میں جمہوریت کا گلاپوری طرح دبا دیا گیا ہے۔ لوگوں کی آوازیں بند کی جارہی ہیں۔ اگر ظلم نہ روکا گیا تو یہ پاکستان کی بربادی کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے جو ظلم برداشت کیا ہے ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ 8 فروری کو پورے پاکستان نے نکل کر بتا دیا کہ عمران خان ہمارا لیڈ ہے۔ عوام عمران خان کے حقیقی آزادی کے نعرے کے ساتھ ہے اور رہے گی۔
سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ فارم 47 والی حکومت جس طرح جمہوریت کا گلا دبا رہی ہے اس کا نقصان پی ٹی آئی کو نہیں بلکہ ہر سیاسی جماعت کو اٹھانا پڑے گا، تاریخ اس بات کی گواہ ہے جو کسی کے ساتھ زیادتی کرے گا اس کو دنیا میں ہی اس کا بدلہ دینے پڑے گا۔
آئی ایم ایف کی مرضی سے بنایا گیا بجٹ عوام پر زبردستی مسلط کیا جارہا ہے۔ فارم 47 کی حکومت چوری کیا ہوا مینڈیٹ واپس کرے تاکہ ملک کی باگ دوڑ حقیقی نمائندے سنبھالیں اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔