آپریشن عزم استحکام، حکومت کا اے پی سی بلانے کا فیصلہ
اسلام آباد: آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے حکومت کا سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو مدنظر رکھتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قازقستان سے وطن واپسی پر آل پارٹی کانفرنس بلانے کی تجویز زیر غور ہے ۔ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مقصد تمام جماعتوں کو آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے اعتماد میں لینا ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی وطن واپسی کے بعد اے پی سی کی تاریخ اور وقت کا تعین کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع سے یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے آئندہ ہفتے اے پی سی بلائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ آپریشن کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کو شدید تحفظات ہیں۔ پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں نے مطالبہ کیا تھاکہ آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے تمام جماعتوں کو اعتماد میں بھی لیا جائے۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی اور جمعیت علما اسلام بھی آپریشن کی مخالفت کر چکی ہیں۔
حکومت کی اتحادی جماعتوں نے آپریشن عزم استحکام کو ملک کی ضرورت اور اس کو فوری شروع کرنے پر اتفاق بھی کیا تاہم بلاول بھٹو کا گزشتہ دنوں کہنا تھا کہ اس معاملے پر پھر بھی وفاقی حکومت کو تمام جماعتوں کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا چاہیے تاکہ ایک مربوط حکمت عملی کے ساتھ ملک کو آگے بڑھایا جاسکے۔