پنجاب حکومت نے سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکلوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل صرف گاڑیوں کے لیے یہ شرط موجود تھی، لیکن اب موٹر سائیکلیں بھی اس دائرہ کار میں شامل ہوں گی۔
اس ضمن میں "صوبائی موٹر گاڑیاں ترمیم ایکٹ 2025” کے نام سے ایک نیا بل پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دیا گیا ہے۔ اس مجوزہ بل کے تحت صوبائی موٹر گاڑیاں آرڈیننس 1965 میں ترامیم کی جائیں گی، اور شق 38 اے میں جہاں "گاڑی” کا ذکر ہے، وہاں "موٹر سائیکل” کو بھی شامل کیا جائے گا۔
بل کے مطابق موٹر سائیکلوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، جس کی مدت ایک سال تک مؤثر ہوگی۔ ترمیم کے پس منظر میں یہ دلیل دی گئی ہے کہ پنجاب میں 85 فیصد افراد سفر کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں، اور فٹنس سرٹیفکیٹ کا دائرہ بڑھانے سے نہ صرف ٹریفک کی بہتری بلکہ فضائی آلودگی پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے ایئر کوالٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کیونکہ فٹنس ٹیسٹ کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی ناقص گاڑیوں کو بروقت مرمت یا سڑک سے ہٹایا جا سکے گا۔