لاہور (ڈی پی آر پنجاب پولیس) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب پولیس آج صوبے بھر میں "پنجاب کلچر ڈے” روایتی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ اس موقع پر پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے سرکاری امور کی انجام دہی کے دوران روایتی پنجابی لباس اور پگڑیاں زیب تن کیں، جو پنجاب کی تہذیبی شناخت کی علامت ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا "ہمیں پنجاب کی شاندار تہذیب و تمدن اور خوبصورت ثقافت پر ناز ہے۔ پنجاب پولیس آج کے دن اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ ہم نہ صرف عوام کی خدمت جاری رکھیں گے بلکہ صوبے کی ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کی حفاظت بھی اپنی اولین ترجیح بنائیں گے۔” انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے ساتھ مل کر صوبے کی ثقافتی و تاریخی عمارات اور لوک ورثہ کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور ایسے تمام اقدامات میں حکومت پنجاب کے وژن کا مکمل ساتھ دے گی۔
پنجاب پولیس کے افسران نے کہا کہ آج کا دن پنجاب کی روحانی، ثقافتی اور تاریخی عظمت کی علامت ہے، اور یہ روایت ہر سال اسی جوش و خروش سے منائی جائے گی تاکہ آنے والی نسلیں اپنی جڑوں سے جڑی رہیں۔ پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر پولیس دفاتر اور تھانوں کو خصوصی طور پر سجایا گیا، جبکہ افسران اور اہلکاروں نے اپنے لباس اور رویے سے صوبے کی مہمان نوازی، شرافت اور رواداری کی جھلک پیش کی۔ پنجاب پولیس نے اس موقع پر عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور پنجاب کی تہذیبی شناخت کو زندہ رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

