پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف منظوری شدہ فہرست میں شامل افراد ہی عمران خان سے جیل میں ملاقات کر سکیں گے۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ کمیٹی ہر منگل اور جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے خواہشمند افراد کے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی، اور اس فہرست کی منظوری عمران خان خود دیں گے۔ منظوری کے بعد بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا یا انتظار پنجوتھا میں سے کوئی ایک فہرست کو جیل حکام کے حوالے کرے گا۔ یہ طریقہ کار عمران خان کی ہدایت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق ہوگا۔
سیاسی کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ اس فہرست سے ہٹ کر کوئی بھی فرد عمران خان سے ملاقات کا اہل نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جیل حکام کے خلاف عدالت کی توہین کی درخواست بھی دائر کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ خیبر پختونخوا کے حکومتی عہدیداروں پر ملاقات کے لیے اس فہرست کی پابندی لاگو نہیں ہوگی، وہ کسی بھی دن اور وقت عمران خان سے ملاقات کر سکیں گے۔