عوامی سہولت کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے درمیان نئی شٹل ٹرین سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ "227Dn/228Up” کے نام سے چلنے والی یہ شٹل ٹرین 16 اپریل 2025 سے باقاعدہ آغاز کرے گی۔
ٹرین نمبر 227Dn ہر روز صبح 5:30 بجے ملتان سے روانہ ہو کر شیر شاہ، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو سے گزرتی ہوئی صبح 9:30 بجے ڈیرہ غازی خان پہنچے گی۔ ٹرین نمبر 228Up ڈیرہ غازی خان سے 11:00 بجے روانہ ہو کر اسی روٹ سے ہوتے ہوئے 2:50 دوپہر پر ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن پر پہنچا کرے گی۔ ٹرین میں 4 اکانومی کلاس کوچز اور ایک بریک وین شامل ہوگی تاکہ مسافروں کو آرام دہ سفر کی سہولت میسر آ سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ ریلوے حکام نے کراچی سٹی تا کوئٹہ چلنے والی 3Up بولان میل کے اوقات کار میں بھی 27 اپریل 2025 سے تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، جس کی تفصیل جلد جاری کی جائے گی۔ یہ اقدام جنوبی پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے، جو روزمرہ کے سفر میں آسانی لائے گا۔