لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، سوات، بونیر اور صوابی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے فوراً بعد شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ریسکیو اداروں اور ہسپتالوں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شہریوں نے اپنی تشویش کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کرتے دکھائی دیے۔ ماہرین کے مطابق آفٹر شاکس کا امکان موجود ہے، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔