راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے قریب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس کے دوران پولیس نے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا، جبکہ پارٹی کے سینئر رہنما موقع سے فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے گورکھ پور ناکہ پر پی ٹی آئی کارکنان نے اچانک احتجاج کرتے ہوئے جمع ہونے کی کوشش کی اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی۔ احتجاجی مظاہرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنے کے لیے پولیس نے فوری کارروائی کی اور لاٹھی چارج شروع کیا۔ پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کے ردعمل میں مظاہرین نے بھی پتھراؤ کیا، جس سے حالات کشیدہ ہوگئے۔ اس دوران پولیس نے متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا جبکہ پی ٹی آئی کے کئی رہنما موقع پر موجود تھے لیکن ہنگامہ آرائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
جھڑپ کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم صورتحال اس وقت قابو میں آئی جب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پولیس حکام سے رابطہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ کارکنان پرامن رہیں گے۔ ان کی مداخلت پر پولیس نے گرفتار افراد کو رہا کر دیا۔ بعدازاں پی ٹی آئی کارکنان نے گورکھ پور ناکہ خالی کر دیا اور پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حالات پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں اڈیالہ جیل کے اطراف پی ٹی آئی کارکنان کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے پیش نظر سیکیورٹی اہلکار پہلے ہی ہائی الرٹ تھے۔